جمہوریت ہی   بہترین نظام حکومت ہے اور یہ خواتین کی شمولیت کے بغیر نا مکمل ہے ؛سپیکر قومی اسمبلی

2

اسلام آباد،12ستمبر  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف  نے کہا ہے کہ  جمہوریت ہی   بہترین نظام حکومت ہے اور یہ خواتین کی شمولیت کے بغیر نا مکمل ہے ۔

  ان خیالات  کا اظہار  انہوں نے  پیر کو  پارلیمنٹ میں خواتین ارکان پارلیمنٹ کے گروپ ویمن کاکس کے زیر اہتمام خواتین کو درپیش چیلنجز سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف  نے کہا کہ    آج ہم  خواتین کا عالمی یوم جمہوریت  منارہے ہیں، یہی نظام عالمی طور پر بہترین نظام حکومت تصور کیا جاتا ہے اور خواتین کی شمولیت کے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی عزت جمہوری نظام میں ہے،حکومت چلانے کے جتنے بھی نظام ہیں ان میں جمہوریت ہی بہترین نظام ہے، جمہوریت کی داغ بیل پاکستان میں ذوالفقار علی بھٹو نے ڈالی جس کے بعدپاکستانی عوام میں جمہوری  شعور بیدار ہوا۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف   نے کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر ہم نے ایک پورا دن  خواتین کے نام کیا اور اس موقع پر ہم نے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والےلوگوں کو بلا کر انکا موقف سنا کیونکہ  یہ عوام کا پارلیمان ہے اس پر سب کا یکساں حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ پاکستانی عوام کی امانت ہے، اس میں ہماری خواتین کی موثر نمائندگی موجود ہے،ہمیں اپنی خواتین پر فخر ہے۔

 اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ آج پاکستان میں ہر شخص مہنگائی سے متاثر ہے، ساری دنیا میں مہنگائی ہے مگر ہم اپنے اس طبقے کو جسکی تنخواہیں کم ہیں اسکا دفاع نہیں کر پا رہے،حالیہ سیلاب سے جہاں کافی تباہی ہوئی وہاں کاشتکار بھی بہت متاثر ہوا ہے، ماحولیاتی تبدیلی  کے مسائل میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہے ۔

راجہ پرویز اشرف   نے کہا کہ عالمی ماحولیات کو خراب کرنے میں ہمارا نہیں بلکہ بڑے بڑے ترقی یافتہ ممالک کا حصہ ہے۔آج جس آفت سے ہم نبرد آزما ہیں عالمی برادری کو ہماری مدد کے لئے آگے بڑھنا چاہئے،ہم نے بہت کم وقت میں بہت زیادہ مصیبتوں کا سامنا کیا ہے، ملک کو یک جہتی کے ساتھ سی مسائل سے نکال سکتے ہیں ۔