اسلام آباد، 12 ستمبر(اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کسانوں کو فصلوں کی تباہی اور آفات کی وجہ سے نقصان سے بچانے کیلئے فصلوں کی انشورنس کی ضرورت ہے،عالمی حدت اور موجودہ سیلاب کے تناظر میں کسان دوست فصل انشورنس نظام متعارف کرانا ہوگا،ملک کے زرعی شعبے کو بچانے،موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کم کرنے کیلئے جامع اقدامات ترجیحی بنیادوں پر اپنائے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں انہوں نے فصلوں کی انشورنس کے حوالے سے اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انشورنس انڈسٹری تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت پر مبنی ایک جامع ملک گیر مشاورتی پروگرام شروع کرے ، عالمی سطح پر کامیاب فصلوں کے انشورنس ماڈلز کو نمونے کے طور پر لیا جا سکتا ہے ۔
صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی زرعی یونیورسٹیوں کے ساتھ سیمینارز اور ورکشاپس کے انعقاد اور تحقیق کیلئے تعاون کو فروغ دیا جانا چاہیے ، جامعات کے ساتھ تعاون سے انشورنس انڈسٹری کو اپنی پالیسی اور مصنوعات کو ٹھوس تحقیق اور مستند ڈیٹا بیس پر مبنی بنانے میں مدد مل سکے گی۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز 12.5 ایکڑ یا اس سے کم اراضی کے مالک کسانوں کیلئے انشورنس مصنوعات متعارف کرائیں۔
اجلاس میں سینیٹر ثانیہ نشتر اور وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیہ گردیزی ، وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل اور انشورنس کمپنیوں کے سینئر ایگزیکٹوز نے شرکت کی۔











