جیکب آباد،12 ستمبر(اے پی پی ): چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ اور ایس ایس پی جیکب آباد ڈاکٹر سُمیر نور چنہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی ڈاکٹر سُمیر نور چنہ نے شرکاء سے مسائل دریافت کیئے جس پر شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پہلے کی طرح باہمی تعاون، بھائی چارے اور رواداری کی راہ پر چلنے کا عزم کیا اور اپنے مسائل سے ایس ایس پی جیکب آباد کو آگاہ کیا۔
ایس ایس پی ڈاکٹر سُمیر نور چنہ نے اجلاس کے دوران تمام مذہبی رہنماؤں سے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر بھرپور عمل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اصل میں اسلام کی روح ہی برداشت ہے اور تاریخ کی سب سے بڑی قربانی دس محرم کے دن کربلا میں دی گئی،امن و امان کو برقرار رکھنے اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے علمإ ء کرام اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
اجلاس میں تمام شرکإ ءنے ماہِ محرم الحرام میں جیکب آباد پولیس کی جانب سے مربوط سیکیورٹی پلان اور خیر و عافیت سے تمام مجالس و جلوسوں کے سلسلے کو اختتام پذیر کروانے پر تعریف اور اظہارِ تشکر کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔
ڈپٹی کمشنر جیکب آباد محمد یوسف شیخ نے بھی شریک شرکاء کے مسائل سنے اور انتظامیہ کو فوری طور پر حل کرنے کی سختی سے ہدایت کی۔ اجلاس میں تمام مکتبہ الفکر کے علماء، رہنمائوں، ضلع انتظامیہ، میڈیا اور ضلع کے تمام ایس ڈی پی اوز نے شرکت کی۔