جلال پورپیروالہ ،12ستمبر(اے پی پی ): سیلاب سے متاثرہ نواحی موضع نڑول کے مکینوں کے مفت طبی علاج معالجہ کے لیے سویٹ جلال پور ویلفئیر سروسز کے زیر اہتمام موضع کی بستی بخشہ کے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی عمارت میں فری میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا۔ جس میں سابق ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جلال پور ڈاکٹر محمد جلال ملک نے 3 سو سے زائد مریضوں کے طبی معائنہ کے بعد ادویات تجویز کیں۔
سویٹ جلال پور ویلفئیر سروسز کے مقررہ طبی سٹاف نے مریضوں کو تجویز کردہ ادویات مفت دیں اور کیمپ میں مریضوں کے شوگر اور بلڈ پریشر کے ٹیسٹ بھی بلامعاوضہ کئے گئے جبکہ کیمپ میں آنے والے افراد میں مچھر دانیاں، مچھروں کے کاٹنے سے بچاؤ کے لیے لوشن، بچوں کے لیے دودھ اور بسکٹ کے ڈبے بھی تقسیم کیے گئے ۔
سویٹ جلال پور ویلفئیر سروسز کے چوہدری منصب گجر، عمران عادل، محمد اجمل بہادرپوری، شاہد اقبال، متین شاہین اور ندیم کریم نے انتظامی امور سرانجام دئیے۔بانی سید ظفر شاہ کی نگرانی میں بستی بخشہ کی قریبی بستی وچھہ سندیلہ کے سرکاری سکول کے ہیڈ ماسٹر اے ڈی طارق اور سابق کونسلر ملک مرید حسین نے کیمپ کے انعقاد میں معاونت کی۔