اسلام آباد،12ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف سے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے نے پیر کو یہاں ملاقات کی ہے ۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ دوطرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں اپنے دیرینہ تعاون پر مبنی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان بھر میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی شدید تباہی اور سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکومت کے کاموں پر روشنی ڈالی۔
وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی اور مدد پر فرانسیسی صدر کا شکریہ ادا کیا اور سیلاب متاثرین کے لئے خیمے، واٹر پمپ اور ڈاکٹروں اور نرسوں کی ٹیم لے کر امدادی پرواز بھیجنے پر شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ نقصانات کا پیمانہ اور شدت اتنی بڑی ہے کہ اکیلا ہمارا ملک اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا اور اس ضمن میں بین الاقوامی برادری کی حمایت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں میں نہ ہونے کے برابر کردار کے باوجود اس کا شکار ہے اورحالیہ سیلاب اس کی ایک بڑی وجہ ہے۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اس بات پر زور دیا کہ فوری ریسکیو کے علاوہ، فرانس بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے میں حکومت کی کوششوں میں حصہ ڈال سکتا ہے۔دو طرفہ تناظر میں وزیراعظم نےکہا کہ پاکستان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ فرانسیسی سفیر دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ آئی ٹی، زراعت، پانی کے انتظام اور توانائی جیسے نئے شعبوں کی تلاش میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان باہمی سود مند تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے فرانس کے ساتھ مسلسل روابط کا منتظر ہے۔