سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ  انتونیو گوتریس کا 2 روزہ دورہ پاکستان ،سیلابی تباہ کاریوں کا جائزہ ، عالمی امداد کی اپیل

12

اسلام آباد ،13ستمبر (اے پی پی ): سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ  انتونیو گوتریس 2 روزہ دورے پر جمعرات کو پاکستان پہنچے تھے ، دورے کا مقصد سیلاب کی تباہ کاریوں سے شدید متاثر ملک کی مدد کے لیے عالمی دنیا سے امداد کی اپیل کرنا تھا اور موسمیاتی تبدیلی کے بحران سے نمٹنے کی فوری ضرورت کو اجاگر کرنا تھا۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ  کیا جہاں  چیف سیکرٹری بلوچستان نے  اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو اوستہ محمد میں یونیسیف کے تعاون سے قائم امدادی کیمپ میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بریفنگ دی ۔ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امدادی کیمپ میں موجود سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔

قبل ازیں وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے بریفنگ دیتےہوئے بتایا  کہ 2010 کے سیلاب میں صرف سندھ کے 6 اضلاع متاثر ہوئے تھے لیکن اس بار سندھ کے 24 اضلاع شدیدمتاثرہوئےہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کی اب بھی تباہ کاریاں جاری ہیں، لاکھوں کی تعداد میں مکانات گرے ہیں، مواصلات، زراعت، لائیواسٹاک ،صحت ،تعلیم کے شعبوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، لاکھوں کی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں سڑکوں، ریلوے ٹریکس اور شہروں میں اب بھی پانی جمع ہے۔