کاغان ، 14 ستمبر (اے پی پی ): وادی کاغان کے سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد میں ریلیف کی فراہمی کا کام جاری ہے، کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے ماہنور، بیلہ اور مہانڈری کے 216 متاثرہ خاندانوں میں چیئرمین ڈاکٹر ایمل زمان اور ڈویژنل انتظامیہ نے خیمے، کھانے پینے کی اشیاء، کمبل، چولہے، گیس سلنڈر اور سولر پینلز تقسیم کئے۔
متاثرین سے ملاقات کے دوران چیئرمین کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر ایمل زمان نے کہا کہ ریلیف کی مزید فراہمی کے ساتھ ساتھ بحالی کیلئے بھی ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور مختلف رفاعی اداروں کے تعاون سے مختلف ندی نالوں پر تباہ ہونے والے عارضی پلوں کی جگہ فوری طور پر زیپ لائنوں کی تنصیب کا کام شروع کیا جائے گا تاکہ مقامی لوگوں میں رابطے بحال ہو سکیں۔ انہوں نے سیلاب سے تباہ ہونے والے دو پرائمری اسکولز مدرسہ کیلئے بڑے خیمے بھی فراہم کئے تاکہ بچے اپنی تعلیم کو وقت ضائع کیے بغیر تعلیم جاری رکھ سکیں۔
اس موقع پر سیلاب میں بہہ جانے والے مہانڈری پولیس اسٹیشن کیلئے بھی بڑے خیمے فراہم کئے گئے اور بارش اور سیلاب کے دوران سیاحوں اور مقامی افراد کو بحفاظت نکالنے والے پولیس اہلکاروں اور کے ڈی اے کے اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔