جلالپورپیروالا  میں حفاظتی بند پر پختہ سڑک اور مٹوٹلی سے گیلے وال تک کارپیٹڈ روڈ پر کام شروع ہوچکا ہے؛ایم پی اے سردار قاسم عباس

27

جلالپورپیروالہ،14 ستمبر(اے پی پی): ایم پی اے سردار قاسم عباس خان لنگاہ نے کہا کہ جلالپورپیروالہ میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام عوام سے بے لوث محبت کا ثبوت ہیں، 50 کروڑ کی لاگت سے حفاظتی بند پر پختہ سڑک اور مٹوٹلی سے گیلے وال تک کارپیٹڈ روڈ پر کام شروع ہوچکا ہے۔

ایم پی اے سردار قاسم عباس خان لنگاہ نے ایک میڈیا میں بیان میں کہا کہ بطور ایم پی اے اپنے حلقہ انتخاب 222 جلالپورپیروالا میں کسی صوبائی وزیر سے زیادہ ترقیاتی کام کروائے ہیں، الحمدللہ یہ کریڈٹ مجھے جاتا ہے کہ میں نے مختصر عرصہ میں بحیثیت آزاد ایم پی اے  اربوں روپے کی لاگت سے 13 سے زائد سڑکات تعمیر کرائی ہیں اس کے علاوہ کروڑوں کے اور ترقیاتی کام کروائے ہیں اور اب قادر پور صالح سے لیکر بیٹ کیسر،وچھ سندیلہ ،شاہ پور ، بہاراں سے لیکر کرموں والی تک حفاظتی بند پر سڑک کی تعمیر پر کام 50 کروڑ کی لاگت سے جلد  شروع ہوگا اس کے علاوہ مٹوٹلی سے براستہ شیخ شجرا سے گیلے وال تک کارپیٹڈ روڈ پر بھی کام شروع ہوچکا ہے۔

 نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے کئیے گئے سوالات کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے خدمت خلق اہمیت رکھتی ہے، اقتدار کا لالچ کبھی نہیں رہا اب اگر میرے حلقہ میں نئے مواضع جات شامل ہوئے ہیں تو ان کے عوام کی بڑھ چڑھ کر خدمت کروں گا، ان مواضع جات اور چکوک میں ترقیاتی کاموں کا سیلاب لیکر آئیں گے اور علاقہ کی محرومی کا خاتمہ کریں گے۔