اسلام آباد،15ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مرتضی محمود نے کہا ہے کہ پاکستان میں معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں تاہم ابھی تک اس پوٹینشل سے بھرپور استفادہ نہیں کیا جاسکا۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مرتضی محمود نے جمعرات کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے اشتراک سے اسلام آباد چیمبر میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مرتضی محمود نے کہا کہ تمام شراکت داروں کی تجاویز سے سٹون انڈسٹری میں بہتری لائی جاسکتی ہے لیکن بدقسمتی سے ملک میں صرف لارج سکیل انڈسٹری پرتوجہ دی گئی اور ماضی میں سمال انڈسٹریز کو مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سٹون انڈسٹری کی برآمدات 37 ملین ڈالرز ہیں تاہم برآمدات کا یہ حجم بہت کم ہے اس انڈسٹری میں مزید بہتری لاکر اس کو 337 ملین ڈالرز تک ہونا چاہئے۔اس ضمن میں انہوں نے اس سیکٹر سے وابستہ سٹیک ہولڈرز کو دعوت دی کہ وہ آئیں اور مل بیٹھ کر اس سیکٹر میں بہتری کیلئے اپنی تجاویز اور آراء حکومت کو پیش کریں اور حکومت اس سیکٹر کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے اپنی بھرپور کوشش کرے گی ۔