ملتان، 27 اکتوبر (اے پی پی ):موٹروے پولیس کیجانب سے شیر شاہ ٹال پلازہ پر یوم یکجہتیِ کشمیر منایا گیا اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی گئی، سکول کے طلبہ و طالبات نے بھی تقاریر کر کے کشمیر سے محبت کا اظہار کیا جبکہ تمام ٹال پلازہ جات پر یومِ سیاہ کے سلسلہ میں بینرز آویزاں کیے گئے ہیں ۔
سیکٹر کمانڈر ایس پی رانا محمد اسماعیل نے یومِ سیاہ کے موقع پر تمام مسافروں میں کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے تقسیم کیے اور کالی پٹیاں بھی باندھی ۔ تقریب کے آخر میں تمام شرکاء نے یومِ سیاہ کے حوالے سے واک بھی کی۔
اس موقع پر سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ بھارت نے کشمیر پر متنازع اقدام کر کے عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیری ہیں ، بھارتی مظالم کشمیریوں کے جزبہ حریت کو نہیں دبا سکتے۔ڈی ایس پی مسرور علی نے کہا کہ کشمیر ہمارا اٹوٹ انگ ہے اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔
ریلی میں ایس او ٹو سیکٹر کمانڈر انسپکٹر اصغر شاہد ، لائن آفیسر انسپکٹر ممتاز بھٹی ،ریڈر ٹو ایس پی انتظار مہدی ، پی آر او سیکٹر حسان ملک اور دیگر آفیسران واہلکاروں سمیت سکول کے طلباء وطالبات نے بھی شرکت کی۔