تھرپارکر،27اکتوبر( اے پی پی):پورے ملک کی طرح ضلع تھرپارکر میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ منایا گیا۔
ضلعی انتظامیہ تھرپارکر، محکمہ سماجی بہبود تھرپارکر، محکمہ تعلیم تھرپارکر اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر سارہ جاوید کی قیادت میں کشمیر چوک مٹھی سے پریس کلب مٹھی تک ریلی نکالی گئی جبکہ مٹھی کے مختلف اسکولوں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مٹھی، گورنمنٹ مین پرائمری اسکول مٹھی، گورنمنٹ پرائمری اسکول نارتھ کالونی، گورنمنٹ امر جگدیش بوائز ہائی اسکول نارتھ کالونی اور دیگر اسکولوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم سیاہ منانے کے لیے ریلی نکالی۔
ریلی میں شریک لوگوں اور طلباء کے ہاتھوں میں کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر پاکستان کا شہ رگ ہے، پاکستان زندہ باد نعروں کے بینرز، جھنڈے اور پلے کارڈز تھے ۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر سارہ جاوید نے کہا کہ دنیا کی ہر قوم کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ جہاں چاہے رہنے کا حق رکھتا ہے لیکن بھارت نے 27 اکتوبر کو کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا جو کہ انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیری عوام پر مظالم کا نوٹس لیں اور بھارت کو روکیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر گریش کمار، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری اسکولز شمس الدین راٹھور، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری اسکولز محمد بچل ہالیپوٹو، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عابد حسین چنا، پاپولیشن ویلفیئر آفیسر تھرپارکر دلیپ کمار، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر پرائمری سید منور علی شاہ، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کے ہیڈماسٹر محمد انور ساھڑ اور اسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کھیراج نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق پر کام کرنے والی تنظیموں کو بھارت سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے بارے میں پوچھنا ہوگا اور بھارت کو کشمیر کی خودمختاری اور حق خود ارادیت کو تسلیم کرنے پر مجبور کرنا پڑے گا۔