اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں ملک کی بہتری کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا ورنہ آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی، ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی قابل تعریف ہے، ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ملک کی ترقی کے لئے بچوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے، چین اور سعودی عرب ہمارے دیرینہ دوست ہیں اور انہوں نے ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پولیس سروس آف پاکستان کے 48 ویں ایس ٹی پی بیج کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے پاسنگ پریڈ میں کامیاب ہونےوالے پولیس اہلکاروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں نے میرٹ پر کامیابی حاصل کی اور انہیں انعامات دیئے گئے ہیں۔ والدین نے اچھے طریقے سے ان کی تعلیم و تربیت کی جبکہ نیشنل اکیڈمی میں پروفیشنل کیرئیر کے لئے ان کو بہترین تربیت فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی حاصل کرنے والوں میں پاکستان بھر سے نوجوان لڑکےاور لڑکیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قوم کی بیٹیاں زندگی کے ہر شعبہ میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ وہ ملک کی خوشحالی، ترقی ، بینکنگ ، پولیس سمیت دیگر شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان تمام تر مشکلات کے باوجودد اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی خواجہ ایماندار پروفیشنل پولیس افسر ہیں ، فرض کی ادائیگی کے دوران بے شمار پولیس افسران و اہلکار ان غازی ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے بڑی قربانیاں دیں۔ غیر معمولی حالات میں بہترین فرائض سرانجام دیئے۔ پولیس افسران و اہلکاران نے عوام کے تحفظ اور امن وامان کے قیام کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے۔ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے دیگر قانون نافذ کرنےوالے اداروں سے مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور ملک سے اس ناسور کا خاتمہ کیا۔ تاریخ میں یہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں پروفیشنل انداز میں کم مدتی اور طویل مدتی کورسز کی تربیت دی جا رہی ہے۔ پولیس اکیڈمی میں فرانزک لیبارٹری ہونی چاہیے۔ اسلام میں سی ٹی ڈی سی کا ادارہ ہونا چاہیے تو چاروں صوبوں، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے لئے مثالی ہو ۔ نیشنل پولیس اکیڈمی میں ایسے پروگراموں پر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جب ہماری حکومت تھی تو رائے طاہر کی قیادت میں سی ٹی ڈی کو پاکستان کا بہترین ادارہ بنایا گیا۔ یہ نہ صرف ملک کا بلکہ بین الااقوامی سطح کا بہترین ادارہ ہے۔ لاہور میں فرانزک سائنس ایجنسی میں بیرون ملک سے بھی کیسز آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود 3 کروڑ 30 لاکھ سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ ان کے لئے خیمے ، خوراک اور پانی کا بندوبست کیا جا رہا ہے تاہم اس کے باوجود نوجوانوں کو جدید تکنیک کی تعلیم و تربیت فراہم کرنا بھی ضروری ہے ۔ صوبوں کو کسی بھی معاملے پر وفاق سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔ اسلام آباد وفاق کی علامت ہے۔ پاکستان بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ امانت ، دیانت ، عزم ، وژن اور لگن ہو تو ریت بھی سونا بن جاتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے پر وفاقی پولیس اور صوبائی پولیس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔











