موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی، گمشدہ لڑکا گھر والوں سے ملوا دیا

12

ملتان 08 نومبر (اے پی پی ): موٹروے پولیس کی بروقت کاروائی  سے گمشدہ لڑکا گھر والوں سے ملوا دیا گیا۔

 سب انسپکٹر عمران حیدر اور سب انسپکٹر محمد اکرام ڈوگر ٹائیگر۔01 پر ڈیوٹی پر مامور تھے۔ شام تقریباً 04 بجکر 45 منٹ پر شیرشاہ ٹال پلازہ پر ایک لڑکا ملا جسکی عمر 14 سال تھی۔پوچھ گچھ کرنے پر معلوم ہوا کہ لڑکا گونگا اور بہرہ ہے۔ لڑکے کے پاس ایک پرچی تھی جس پر موبائل نمبر درج تھا جس کی اطلاع ڈی ایس پی بیٹ 23 مسرور علی کو دی گئی جس پر ڈی ایس پی  مسرور علی فوراً ٹال پلازہ پر پہنچ گئے۔

 دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ لڑکے کا تعلق پتوکی سے ہے اور 04 دن سے گھر سے غائب ہے۔ گمشدہ لڑکے کے رشتہ داروں کو بذریعہ موبائل فون اطلاع دی گئی جس پر وہ انہیں لینے کے لیے پتوکی سے چل پڑے۔ لڑکے کو کیمپ لایا گیا اور کھانا کھلایا گیا ۔

بعد ازاں رشتہ دار کے آنے پر انکے حوالے کر دیا گیا، گھر والے بچے کی گمشدگی پر شدید کرب میں مبتلا تھے، لڑکے کو دیکھتے ہی بہت خوش ہوے اور موٹروے پولیس کا شکریہ ادا کیا اور آفیسران کو دعائیں دی۔

ڈی ایس پی مسرور علی نے لڑکے کا خیال رکھنے اور انکی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کی۔ سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے اس شاندار کارکردگی پر دونوں آفیسران کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا اور تمام آفیسران کو ایسے ہی لگن سے ڈیوٹی سر انجام دینے کی ہدایت کی۔