ملتان،10نومبر(اے پی پی):کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے ترقی کے نئے سفر کا آغاز ہوگا۔ حکومت پنجاب نے سب سیکرٹریٹ کو مکمل انتظامی اختیارات فراہم کئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے زیرِ تعمیر منصوبے کا دورہ کرنے کے دوران کیا۔
اشفاق احمد چوہدری نے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور بریفننگ لی اور کہا جدید ترین سب سیکرٹریٹ عمارت میں تمام محکموں کے انتظامی سیٹ اپ ہونگے۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر قاسم غوری نے کہا 3.6 بلین روپے کی لاگت سے سول سیکرٹریٹ 504 کنال پر تعمیر کیا جارہا ہے،پہلے فیز میں 8 سیکرٹریز، دوسرے فیز میں 10 سیکرٹریز کے دفاتر تعمیر کیے جائیں گے اور کہا کہ سول سیکرٹریٹ سے منسلک 6 رہائش گاہیں زیر تعمیر ہیں، سول سیکرٹریٹ اگست 2023،رہائشی بلاک جون 2023 میں مکمل کرلیا جائے گا اور کہا سول سیکرٹریٹ منصوبہ معینہ مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نےجم خانہ کیلئے مجوزہ جگہ کا بھی دورہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد شفیق، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر ہمراہ تھیں۔