لاہور،15دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی، ملک کے وسیع ترمفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، پاک وطن ہم سب سے اتحاد، یگانگت اور سیاسی رواداری کا تقاضا کر رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی،سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اور ایم این اے حسین الٰہی سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اورسیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے صدر مملکت کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے صدر مملکت کو عوام کے ریلیف کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
ملکی معیشت کومزید بہتر بنانے کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں پاکستانی بن کر صرف پاکستان کا ہی سوچنا ہے، سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی، ملک کے وسیع ترمفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک وطن ہم سب سے اتحاد، یگانگت اور سیاسی رواداری کا تقاضا کر رہا ہے، معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے پوری امید ہے کہ پاکستان کیلئے بہتر راستہ نکل آئے گا۔











