چنیوٹ،26دسمبر(اے پی پی ): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ عمران احمد ملک نے پولیس افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر پولیس افسر،جوان ریاست،پورے پولیس ڈیپارٹمنٹ کی نمائندگی کررہا ہوتا ہے۔آپ کا ہر اچھا برا فعل ریاست،پورے پولیس ڈیپارٹمنٹ کیلئے عزت،ذلت کا باعث ہوگا، پولیس افسران خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہوکر پبلک سروس ڈلیوری بہتر بناتے ہوئے لوگوں کی دادرسی یقینی بنائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پولیس کے افسران و جوانوں کیلئے منعقدہ اجلاس عام سے خطاب میں کیا۔اجلاس عام میں ایس پی انوسٹی گیشن چنیوٹ، ضلع بھرکے ڈی ایس پی صاحبان،ایس ایچ اوز،تفتیشی افسران،ایلیٹ فورس،لیڈی اہلکاروں،ٹریفک پولیس،پولیس جوانوں نے شرکت کی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ عمران احمد ملک نے پولیس افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس،پنجاب کے پیغام،ترجیحات سے متعلق بریفنگ دی۔ڈی پی او نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بطور پولیس افسر آپ سب کو اچھے اخلاق،اچھے رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس کلچر کی تبدیلی میں اپنا بھرپور کردار اداکرناچاہیے،لوگوں کیساتھ بداخلاقی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،تمام پولیس افسران خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہوکر عوام الناس کی داد رسی کو یقینی بنائیں،کسی بھی وقوعہ کی صورت میں فوری ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنائیں،ایف آئی آر یا دیگر کسی کام کیلئے خرچے،رشوت کی شکایت کی کوئی معافی نہیں ہوگی۔
ڈی پی او عمران احمد ملک نے کہا کہ پولیس فورس کی ویلفیئر کیلئے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا،پولیس فورس کی فیملیز،بچوں کی ویلفیئر کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں گے،تھانہ جات میں میس و دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔آپ سب بغیر کسی سفارش،پرچی،فون کال کے مجھے مل سکتے ہیں میں آپ سب کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروں گا۔
ڈی پی او نے کہا کہ اچھا کام کرنے والے پولیس افسران و جوانوں کیلئے انعام،تعریفی سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے۔بطور کمانڈر کسی بھی مشکل صورتحال میں آپ سب مجھے اپنے ساتھ کھڑا پائیں گے۔آپ سب کی عزت میری عزت،تمام پولیس افسران و جوان مورال بلند کرکے اپنے فرائض سرانجام دیں۔
بعدازاں ڈی پی او نے پولیس اہلکاروں کے مسائل سنے اور موقع پر مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔