وسطی پنجاب کے علاقوں میں دھند کے طوفان سے زندگی مسلسل مفلوج

6

نوشہرہ ورکاں ،27 دسمبر ( اے پی پی):وسطی پنجاب کے علاقوں میں  موسمی آفات میں شامل دھند کے طوفان سے زندگی مسلسل مفلوج ہو کر رہ گئی  48 گھنٹوں سے سورج   کی جھلک بھی دکھائی نہیں دی جس کے باعث شاہراؤں پر ٹریفک کے نظام میں مشکلات اور  روڈ حادثات کے معمولات کے علاوہ شدید سردی سے  انسانی جانوں کا ضیاع بھی بڑھ گیا ہے۔

 کئی روز سے جاری دھند کے طوفان سے جہاں سردی بڑھنے سے انسانی زندگی کی مصروفیات میں مشکلات کا سامنا ہو گیا ہے وہاں جانوروں کے لیے چارے کے حصول میں بھی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں،دن بھر میں اور رات کے پہلے پہر میں  ہی دھند کا موجود رہنا معمول بن چکا ہے اور دن گئے تک دھند کے طوفان کا ماحول میں موجود رہنا مسائل اور مشکلات کے بڑھنے کی بنیاد بن چکا ہے،دھند کے طوفان کا اندرون آبادی پر بھی وار جاری ہے اور جگہ جگہ سردی کی شدت سے پریشان افراد مہنگے داموں ایندھن خرید کر آگ سینکتے نظر آتے ہیں اور  دوسری طرف سوئی گیس کا پریشر کم ہونے کے ساتھ ساتھ گیس کی بندش سے بھی عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی سردی کے دنوں میں گیس پریشر بڑھانے کے ساتھ ساتھ گیس کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔