جدہ،09 جنوری( اےپی پی): سعودی عرب میں چار روزہ بین الاقوامی حج نمائش کا آغاز ہوگیا۔ گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل، اور گورنر مدینہ شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے نمائش کا افتتاح کیا۔ نمائش جس میں سرکاری اور نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے مقامی اور بین الاقوامی 81 مقررین اور اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی۔ جبکہ مُختلف اسلامی ممالک سے مذہبی امور کے وزراء، حج مشنز کے سربراہان اور 57 سے زائد ممالک کے اعلیٰ حکام نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
سعودی وزیر مملکت براۓ حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے “حج ایکسپو” کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ دنیا بھر سے عازمین بہترین خدمت ان کی اولین ترجیح اور ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ الربیعہ نے حج و عمرہ کے نظام میں ضوابط اور قانون سازی کے ذریعے عازمین حج کو فراہم کی جانے والی تمام خدمات اور حل کو بہتر بنانے اور ترقی دینے کے لیے وزارت حج و عمرہ کے عزم کا اظہار کیا۔
مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے گورنرز نے حج ایکسپو کا دورہ کیا، ان کے ہمراہ وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ، وزیر ٹرانسپورٹ انجینئر صالح الجاسر، اور وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخورائف، حرمین شریفین کے امور کے صدر ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس اور دیگر موجود تھے۔
اس فورم نے متعدد فریقین کے ساتھ کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے، جن میں پبلک اینڈومنٹ اتھارٹی، جنرل اتھارٹی برائے نمائش، شاہ سلمان کمپلیکس، سعودی اسٹینڈرڈز اینڈ میٹرولوجی اتھارٹی اور بینکنگ انفارمیشن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آگاہی کمیٹی، سعودی بینکوں کے ساتھ خدمات فراہم کرنے اور تجربات کے تبادلے کے لیے تمام اسلامی ممالک کے ساتھ حج خدمات کے 57 سے زائد معاہدوں پر دستخط کیے گئے جن میں حجاج کرام کی تعداد، داخلے ، صحت اور طریقہ کار سے متعلق ہدایات کے معاہدے بھی شامل ہیں۔
“حج ایکسپو” میں شرکت کرنے والے ماہرین نے 10 اہم سیشنز، 13 ڈائیلاگ سیشنز، “حج ٹاک” سیشنز، 36 ورکشاپس کے علاوہ کئی دیگر تقریبات ذریعے حج کے سفر کو بہتر اور بھرپور بنانے کے لیے ایک روڈ میپ تیار کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ وزیر مزہبی امور و ہم آہنگی، مفتی عبدالشکور عالمی نمائش میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
“حج ایکسپو” کا مقصد ایک مربوط اور پائیدار نظام کی تعمیر کرنا ہے جو ماہرین کے خیالات، تجربات، شراکت داری سے عازمین حج و عمرہ کو بہترین خدمات فراہم کرنا ہے۔