جنیوا،9جنوری(اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے متعدد علاقوں میں ابھی بھی بارشوں اور سیلاب کا پانی جمع ہے اور موسمِ سرما سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث ہے،شمسی توانائی کے 10ہزار میگاواٹ کے منصوبے سے نہ صرف ایندھن کا درآمدی بِل کم ہوگا بلکہ کم لاگت اور ماحول دوست بجلی پیدا ہوگی، پاکستان امریکہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے جو باہمی عزت اور پائیدار ترقی پر مبنی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جنیوا میں بین الاقوامی ترقی کے امریکی ادارے (یوایس ایڈ) کی ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرازابیل کول مین سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم نے امریکی حکومت، یو ایس ایڈ اور امریکی عوام کا سیلاب زدگان کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔
وزیرِ اعظم نے ملاقات کے شرکاء کو بتایا کہ سندھ اور بلوچستان کے متعدد علاقوں میں ابھی بھی بارشوں اور سیلاب کا پانی جمع ہے اور موسمِ سرما سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث ہے۔انہوں نے حکومت کے سیلاب زدگان کے بحالی کیلئے اقدامات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت مستقبل میں پاکستان میں سمارٹ ایگریکلچر اور پائیدار ترقی پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت زراعت کے شعبے میں جدت لا کر کسانوں کو خوشحال اور ملک کیلئے زرِ مبادلہ کا ذریعہ بنانے کیلئے کوشاں ہے۔
وزیرِ اعظم نے شرکاء کو حکومت کے 10 ہزار میگاواٹ سولرآئیزیشن منصوبے کے بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی شروعات وفاقی حکومت کی عمارتوں سے کی جارہی ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف ایندھن کا درآمدی بِل کم ہوگا بلکہ کم لاگت اور ماحول دوست بجلی پیدا ہوگی۔انہوں نے امریکہ پاکستان تعلقات کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے جو باہمی احترام اور پائیدار ترقی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ امریکہ اور پاکستان کا مشترکہ نصب العین ہے اور پاکستان اس پر دو ٹوک اور واضح موقف رکھتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے یو ایس ایڈ کے پاکستان میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں گراں قدر خدمات کو سراہا۔
ازابیل کول مین نے وزیرِ اعظم کو یو ایس ایڈ کی طرف سے پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے اقدامات، جینیوا میں سیلاب زدگان کیلئے اعلان کی گئی 100 ملین ڈالر کی مزید امداد اور مستقبل میں پاکستان سے بھرپور تعاون کی خواہش سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سماتھا پاور کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور ان کی سیلاب زدگان کی مدد کیلئے کوششوں کو سراہا۔