مری،11 جنوری(اے پی پی): ملکہ کوہسار مری میں برفباری شروع ہو گئی ہے، ملک بھر سےیہاں آئے سیاح فیملیوں کے ہمراہ مری مال روڈ اور گردونواح میں سیاحتی مقامات کا رخ کر رہے ہیں، سیاح کافی انتظارکے بعد زیادہ برفباری دیکھتے ہوئے یہاں کے موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
برفباری کے باعث مری ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے، کلڈنہ چوک میں خیبرپختونخوا جانے والی ٹریفک کو متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ کلڈنہ چوک میں سیاحوں کی سہولت کے لیے سہولت سنٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔اس حوالے سے ڈی ایس پی مری عرفان حیدر نے دوران برفباری سیاحوں سے گزارش ہے کہ خیبرپختونخوا،ایبٹ آباد جانے سے گریز کریں اور متبادل راستہ اختیار کریں۔
دوسری جانب سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر ریسکیو 1122 برفباری کے دوران ہائی الرٹ ہے، تمام ایمرجنسی وہیکلز اور ریسکیو موٹر بائیکس کو سٹریٹیجک لوکیشن پہ تعینات کر دیا گیا ہے اور سیاحوں یا مقامی شہریوں کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری 1122 اطلاع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مری ٹورازم پولیس بھی سیاحوں کے تحفظ اور سہولت کے لئے چوبیس گھنٹے مصروف عمل ہے اور سیاحوں کو مختلف راستوں پر گائیڈ کررہی ہے۔
ڈی پی او مری فراز احمد کی طرف برفباری کے دوران ٹورازم پولیس فورس کو اچھی ڈیوٹی کرنے پر شاباش دی گئی ہے جبکہ سیاحوں نے بھی ٹورازم پولیس فورس کے افسران اور جوانوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔