ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میں ’’قیادت اور طرز عمل کی تبدیلی‘‘کے عنوان سے خصوصی نشست

8

سیالکوٹ،17جنوری (اے پی پی):ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میں”قیادت اور طرز عمل کی تبدیلی”کے عنوان سےخصوصی نشست    کا انعقاد  کیا گیا  جس میں موٹیویشنل سپیکر، مصنف و  پروفیشنل ٹرینرقاسم علی شاہ نے شرکاءکو لیکچر دیا۔ انہوں نے کہا کہ تجارت کی سب سے بڑی کامیابی معتبریت ہے، اپنی ساکھ کو بہتر بنا کر ہی کاروبار میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا  کہ کتاب اور اہل کتاب سے دوری ہماری پسپائی کا سب سے بڑا سبب ہے ، ہمیں اپنے بہتر کل کے لیے جستجوکرنی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے لیے خوشی کی بات یہ ہے کہ وہ ایک پیغمبری پیشے سے وابستہ ہیں اور یہ وہ پیشہ ہے جسے ہمارے آخری نبی حضرت محمدؐ نےبھی اپنایا ، اس لیے ہمارا فخر پیسہ نہیں  بلکہ نبی آخرالزمانؐ کی سنت اپنانا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بندوں کو راضی کرنے کی بجائے اپنے رب کو راضی کرنا چاہیئے اور یہی سب کامیابیوں کا ذریعہ بھی ہے۔انہوں نے سیالکوٹ کی کاروباری برادری کو ای کامرس اور آئی ٹی کے شعبے کی طرف رغبت دلاتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ  کے  لوگ سیالکوٹ کو ای کامرس کا حب بنا سکتے ہیں جو دور جدید کے تقاضوں کو پورا کرے گا۔یہ خصوصی نشست صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک کی زیر صدارت ہو ئی جس  میں   سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر وہب جہانگیر، نائب صدر عامر مجید شیخ سمیت اراکین مجلس عاملہ،   چیرمین کمیٹی برائے مذہبی و ثقافتی امور میاں محسن گل ، سابق صدور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اور بزنس کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔