جدہ،12فروری(اے پی پی):پاکستان قونصلیٹ جدہ میں پاکستان ویلفئیر سوسائٹی کی حوصلہ افزائی کیلئے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔مہمان خصوصی قونصل جنرل خالد مجید نے سوسائٹی کے اراکین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد اورشیلڈز پیش کیں ۔
تقریب سے ڈائریکٹر میڈیکل کیمپ محمد یونس ستار اور نائب صدر محمد شریف زمان ،پریس سیکریٹری محمد نواز جنجوعہ نے مفت میڈیکل کمپ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا ۔سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد نے بیماریوں سے بچاؤ کیلئے غذا کے استعمال پر لیکچر دیا ۔
ویلفئیر سوسائٹی کے زیر اہتمام 2006 سے پاکستان قونصلیٹ میں مفت میڈیکل کیمپ لگایا جاتا ہے جہاں ضرورت مند پاکستانیوں کو طبی مشورے ،طبی معائنہ اور ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔ طبی کیمپ میں پاکستانی سرجن اور ماہر ڈاکٹرز شرکت کرتے ہیں اور پاکستانی نرسز خدمات انجام دیتی ہیں۔ پندرہ روز کیلئے منعقدہ کیمپ میں 2500 سے زائد پاکستانی طبی مشوروں کیلئے آتے ہیں۔
ویلفئیر سوسائٹی نے جدہ میں پاکستانی مخیر حضرات کی مدد سے ایبٹ آباد میں کڈنی سینٹر تعمیر کیا ہے جہاں چوبیس خون صاف کرنے والی مشینیں لگائی گئی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ لیزر مشین بھی خدمات فراہم کررہی ہیں ۔
پاکستان ویلفئیر سوسائٹی اب تک جدہ میں 369 کیمپس کا انعقاد کرچکی ہے۔