نارووال،13فروری (اے پی پی): ڈپٹی کمشنرمحمداشرف کی زیرصدارت ضلعی بین المذاہب کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنرنارووال نے اس موقع پر کہاکہ امن وامان کے بغیرکسی بھی کامیاب ریاست کاتصورممکن نہیں،اس حوالے سے بین المذاہب کمیٹی کے کردارکوفراموش نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے ممبران کمیٹی سے اپیل کی کہ پنجاب بھر کی طرح ضلع نارووال میں بھی کسی بھی قسم کے ایسے مواد جسکی اشاعت پر گورنمنٹ کی جانب سے پابندی ہے یا بین المذاہب مذہبی منافرت پھیلانے والے مواد سمیت تمام تر اقسام کے مواد کی ترویج و اشاعت متعلقہ محکموں کی اجازت کے بغیر مکمل طور پر غیرقانونی کام ہے اور ایسے تمام عناصر جو ایسی سرگرمیوں میں شامل پائے گئے ان کے ساتھ کسی قسم کی کوئی نرمی اختیار نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ معاشرے میں دہشت کے واقعات کوپیش نظررکھتے ہوئے اپنے اردگردکے ماحول، منفی مواد اور شرپسند عناصر پر کڑی نظررکھیں کیونکہ ضلع نارووال امن کے لحاظ سے ایک پرامن ضلع ہے اور امن وامان حکومت کی اولین ترجیح ہے،لہذاعلمائے کرام امن وامان کےفروغ کے لیے ہمیشہ کی طرح اپناکرداراداکرتے رہیں۔
اجلاس میں پیرتبسم اویسی،سرداراندرجیت سنگھ اورثمرناظرودیگرنے ڈپٹی کمشنر نارووال کویقین دلایاکہ ضلع نارووال ایک امن کی بستی تھی ،ہے اوررہے گی۔
اجلاس میں ڈی پی او راناطاہررحمان،ڈی آئی احسان الحق چوہدری کے علاوہ مذہبی اسکالر پیرتبسم بشیراویسی،سرداراندرجیت سنگھ،ثمرناظر،پیرمولاناعطاءالمصطفی رضوی،پورن چندودیگرنےشرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے خصوصی دعاکی گئی۔