رواں سال جون تک بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے نوے لاکھ بینفیشریز ہو جائیں گے،نوید عامرجیوا

9

ملتان۔20فروری  (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے تخفیف غربت اورسماجی تحفظ نوید عامر جیوا نے کہا ہے کہ رواں سال جون تک بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 90 لاکھ بینفیشریز ہو جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو یہاں ملتان میں بی آئی ایس پی ساوتھ پنجاب زونل آفس میں ڈائنامک رجسٹری سنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔نوید عامر جیوا نے کہا کہ پارٹی کا شکر گزار ہوں جس نے مجھے پارلیمانی سیکرٹری برائے تخفیف غربت اورسماجی تحفظ کی ذمہ داری دی ہے اور کہا کہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام دنیا کا بہترین سوشل سیکیورٹی کا پروگرام ہے،بہت سی رکاوٹوں کے باوجود بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام چل رہا ہے،اس پروگرام کو کچھ ادوار میں متاثر کرنے کی کوشش کی گئی،ہم نے آتے ہی بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام میں رکاوٹوں کو ہٹایا،جون تک اس پروگرام کے 9 ملین بینفیشریز ہو جائیں گے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے تخفیف غربت نے کہا کہ 8 ملین بچے اور بچیاں بی آئی ایس پی پروگرام کے تحت  تعلیم کے حوالے سے مستفید ہو رہے ہیں،اس پروگرام کے تحت بچوں کی بہترین نشوونما کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے،ٹرانسجینڈر کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے جس کے شناختی کارڈ پرخواجہ سرا لکھا ہے وہ رجسٹرکروا سکتے ہیں،اس پروگرام میں شفافیت کے کچھ مسائل ہیں اس کی بہتری کے لیے کوشش کر رہے ہیں،عوام الناس سے درخواست ہے کہ بی آئی ایس پی کی رقم نکلوانے کے لیے کسی کو پیسے نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 60 فیصد آبادی جنوبی پنجاب کی ہے،بی آئی ایس پی پروگرام میں جنوبی پنجاب کے  مستحق مزید افراد کو  بھی شامل کیا جائے گا۔