استنبول،23فروری(اے پی پی):ِاقوام متحدہ کی انسراگ سرٹیفائیڈ پاکستان ریسکیو ٹیم ترکیہ میں 17 دن کے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے بعد واپس پاکستان کیلئے روانہ ہو گئی ہے ،انتھک کوششوں سے ٹیم کئی قیمتی جانوں کو بچانے میں کامیاب ہوئی۔ ایمرجنسی سروسزاکیڈمی پاکستان کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کے51 رکنی دستے کو وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر ٹیم کمانڈر ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں جنوبی ترکیہ روانہ کیا گیاتھا۔
الوداعی تقریب میں استنبول کے ڈپٹی گورنر ازلیم بوزکرٹ گیورک نے شرکت کی۔ ترکی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، ترکی کی وزارت خارجہ کے نائب سفیر زینپ کلیلی، اے ایف اے ڈی کوآرڈینیٹر استنبول مسز سیول ڈیدیو اولو اور دیگر معززین نے ٹیم کو تالیوں اور تعریفوں کے ساتھ پاکستان روانہ کیا گیا۔
پاکستان ریسکیو ٹیم نے ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے اگلے ہی دن جنوبی ترکیہ کے شہرآدیامان میں 7فروری 2023سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ آدیامان میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن ہفتہ بھر جاری رہنے کے بعد پاکستان ریسکیو ٹیم کے سرچ اینڈ ریسکیو اسکواڈز کو ہاتائے میں تعینات کیا گیا۔ ریسکیو 1122 کی جدید آلات سے لیس پاکستان ریسکیوٹیم نے آدیامن اور ہاتائے ترکیہ میں 146 مقامات پر سرچ ا ینڈ ریسکیوآپریشن انجام دیتے ہوئے ملبے تلے دبے6افراد کو آزادانہ طور پرجبکہ دیگر9 افراد کو دیگر ٹیموں کے تعاون سے زندہ ریسکیو کیا ۔علاوہ ازیں دونوں شہروں میں 247 جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں دیگر ٹیموں کے تعاون سے نکالی گئیں۔
ٹیم کو الوداع کرتے ہوئے استنبول کے ڈپٹی گورنر ازلیم بوزکرٹ گیورک نے تباہ کن زلزلے کے بعد پاکستانی ٹیم کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ترکی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے کہا کہ پاکستان اور ترکی دو دل، ایک جان کی مانند ہیں۔ پاکستانی عوام نے تباہ کن زلزلوں کے بعد اپنے ترک بھائیوں کی طرح درد اور کرب محسوس کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امدادی اور بحالی کی کوششوں میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔