ملتان،25 فروری(اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام قائم رکھنے کی ہدایت کر دی ہے ۔
یہ ہدایت انجینئر عامر خٹک نے اضلاع کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن میں آٹے کو کوئی کمی نہیں ہے،محکمہ خوراک کے پاس گندم کا وافر سٹاک موجود ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ کوٹہ کے مطابق ڈویژن بھر کی نوٹیفائیڈ دکانوں، پوائنٹس پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائیں۔اشیاءخوردونوش کی قیمت فکس کر کے گرانفروشوں، ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائی میں تیزی لائی جائے۔ضلعی انتظامیہ فوڈ اتھارٹی کیساتھ ملکر کر جوائنٹ آپریش کرے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور مارکیٹوں میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں،پرائس کنٹرول کے علاوہ انکا کوئی نمائندہ ہرگز فیلڈ انسپکشن نہیں کرسکتا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن میں 136 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ایک روز میں 3328 چھاپے مارے۔4 مقدمات درج، 20 افراد گرفتار،418500 روپے جرمانہ کیا گیا۔ ڈویژن میں 117 فلور ملز کا روزانہ 1725.600میٹرک ٹن گندم کوٹہ ہے۔ 1491کریانہ شاپس،130 ٹرکنگ پوائنٹس پر سرکاری آٹا سپلائی کیا جارہا۔ ڈویژن میں یوریا کے 50 کلو کے 41521 تھیلوں کا سٹاک موجود ہے۔ایک روز میں یوریا کی گرانفروشی پر 6500 روپے جرمانہ کیا گیا۔عوام کو اشیاءخوردونوش کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔