برسلز میں پاک یورپی یونین کے سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کی یاد میں تصویری نمائش کا انعقاد

16

 

اسلام آباد۔11اپریل  (اے پی پی):پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ کی یاد میں منگل کو برسلز میں یورپی یونین پارلیمنٹ میں ایک ہفتہ طویل تصویری نمائش کا افتتاح کیا گیا۔ جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق اس نمائش کا انعقاد یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستانی مشن نے یورپی پارلیمنٹ کے تعاون سے کیا  ہے ۔نمائش میں پاکستان کی بھرپور تاریخ، ورثہ، فن تعمیر، سیاحت، اور کھیلوں کے ساتھ ساتھ مذہبی، ثقافتی اور کھانا پکانے کے تنوع کو بھی پیش کیا گیا۔یورپی پارلیمنٹ کے رکن  Herve’ Juvin نے اس تقریب کا افتتاح کیا، اس تقریب میں یورپی پارلیمنٹ کے اراکین، یورپی اداروں کے حکام، سفارت کاروں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔اپنے ریمارکس میںHerve’ Juvin   نے کہا کہ پاکستان کرہ ارض پر سب سے کم عمر ممالک میں سے ایک ہے جہاں دوسری سب سے بڑی مسلم آبادی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ریاست ہے جو کہ مشرق وسطیٰ، جنوبی اور وسطی ایشیا کے ساتھ ساتھ چین کے سنگم پر انتہائی اہم جغرافیائی مقام پر واقع ہے۔تباہ کن سیلابوں کا ذکر کرتے ہوئے جس نے پاکستان میں 30 ملین سے زیادہ افراد کو متاثر کیا،  رکن یورپی  پارلیمنٹ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کاربن کے اخراج میں 1 فیصد سے بھی کم حصہ ڈالنے کے باوجود موسمیاتی آفات کی وجہ سے سب سے زیادہ غیر محفوظ ممالک میں سے ایک ہے۔ اس   موقع پاکستانی مشن کے  ناظم الامور سید فراز حسین زیدی نے ایم ای پیز اور دیگر معززین کا پاکستانی فنون اور ثقافت میں گہری دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے متنوع شعبوں میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے بے پناہ امکانات کو اجاگر کیا اور اس نتیجہ خیز اور تعمیری شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی تیاری کا اظہار کیا۔