مکہ مکرمہ،21اپریل(اے پی پی):وزیر مذہبی امور سنیٹر محمد طلحہ محمود، سعودی عرب میں پاکستانی عازمین حج کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات کے حصول کیلئے سرگرم عمل ہیں، اس سلسلے میں انہوں نے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی حجاج کیلئے سعودی ٹیکسز میں مکمل چھوٹ یا نرمی کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر مذہبی امور سنیٹر محمد طلحہ محمود نے سربراہ رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی سے ملاقات کی۔سربراہ رابطہ عالمی اسلامی نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود پاکستانی عوام کا سعودی عرب اور حرمین شریفین سے دلی لگاؤ قابل ذکر ہے۔
وزیر مذہبی امور نے پاکستانی حجاج کو منی عرفات میں سہولیات دینے والی جنوبی ایشیا طواف کمپنی کا دورہ کیا اور ضیوف البیت سروسز کمپنی (سابقہ موسسہ جنوب ایشیا) کے سربراہ اسامہ دانش سے ملاقات کی۔ جس دوران منی عرفات میں خیموں، خوراک اور سفری سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر مذہبی امور سنیٹر محمد طلحہ محمود نے مشاعر کی سہولیات پر مبنی تھری ڈی ماڈلز اور آرکائیوز انکلوژر کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور ڈائریکٹر حج مکہ فہیم آفریدی کو موقع پر ہدایات جاری کیں۔سنیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ امسال حج مکمل گنجائش پر ہو گا،کم قیمت میں اچھی سہولیات کے حصول کا چیلنج پورا کرنا ہو گا۔