مکہ مکرمہ،24اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سنیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا ہے کہ پاکستانی حجاج کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ اس سال انشاءاللہ حجاج کو منیٰ اور عرفات میں خیموں، خوراک اور سفری سہولیات پر رہائش کی بہتر سے بہتر کم اخراجات میں سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پیر کو یہاں حج انتظامات کے حوالے سے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سنیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا کہ حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے رات دن ڈی جی حج اور ڈائریکٹر حج سے بریفنگ لے رہا ہوں اور سعودی وزارتِ حج کے ذمہ دران سے بھی ملاقاتیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ امسال حج مکمل گنجائش پر ہو گا جس کیلئے کم قیمت میں اچھی سہولیات کے حصول کا چیلنج پورا کرنا ہو گا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سنیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا کہ حج انتظامات مکمل کرنے کے لیے ہمارے پاس وقت بہت کم ہے، اس سال میری خواہش ہے حج معاونین پاکستان سے کم اور زیادہ مقامی لگائے جائیں، جنہیں زبان اور راستوں کا علم ہو گا اور کم سے کم اخراجات میں حاجیوں جو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔
سنیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا کہ حج انتظامات کے حوالے سے پاکستان میں بھی میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔