جدہ،25اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے پاکستان کو نا صرف معاشی بحران کی طرف دوچار کیا بلکہ آئینی بحران بھی عمران خان کی وجہ سے ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے منعقدہ عید ملن پارٹی کی تقریب سے خطاب میں کیا۔تقریب میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی انجنئیر امیر مقام بھی شریک تھے جبکہ تقریب میں کثیر تعداد میں لوگوں نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت سوشل میڈیا پر مہم چلائی جاتی ہے اور نوجوان نسل کو گمراہ کر کے اپنی انا کی تسکین اور سیاسی مفادات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاتا ہے اور تاثر یہ دیا جاتا ہے کہ پاکستان میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے مسلم لیگ کے اقتدار میں سی پیک سمیت کئی بجلی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر کام کیا گیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی کی مثال ایسی چٹان ہے جو ہر مشکل وقت میں ہمارے ساتھ رہی ہے، عمران حکومت نے جب معیشت کا بیڑہ غرق کر کے ہمارے حوالے کیا تو اس معیشت کو بھی بہتر کرنے میں سعودی حکومت ہماری بھرپور مدد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو اوورسیز پاکستانی اپنی ترسیلات پاکستان بھیج رہے ہیں وہ پاکستان کو چلانے کے لیے آکسیجن کا کام دیتا ہے، ہم اورسیز پاکستانیوں کے جذبہ کو سلام کرتے ہیں، ہم اس بات پر کوشہ ہیں کہ اورسیز پاکستانیوں کے لئے بہتر منصوبے لایئں تاکہ اورسیز پاکستانیوں کو پذیرائی ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے قوم سے کئے تین وعدے پورے کئے، پہلا بجلی گھر کے منصوبہ، دہشتگردی کا خاتمہ اور کراچی میں امن قائم کرنا۔
تقریب سے خطاب میں انجنیئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب کے علاوہ صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی کئی بڑے منصوبوں پر کام کیا۔خیبر پختونخواں میں ترقیاتی منصوبے ن لیگ کے دور میں ہوئے جبکہ پچھلے دس سال سے صوبائی حکومت تحریک انصاف کے پاس ہے مگر کوئی بڑا منصوبہ شروع نہیں ہوسکا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ احسن اقبال پاکستان کا اثاثہ ہیں جنہوں نے سی پیک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے پر بھرپور کام کیا تاکہ پاکستان ترقی کے سفر کی طرف گامزن ہو سکے۔
پاکستان مسلم لیگ ن سعودی عرب کے مرکزی سیکرٹری جنرل ملک منظور نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا انکا کہنا تھا کہ عمران حکومت احسن اقبال پر ایک روپیہ کی بھی کرپشن ثابت نہیں کر سکی ہے۔