وزیر مذہبی امور طلحہٰ محمود کی سیکرٹری امور زیارت مدینہ محمد بن عبدالرحمن البیجاوی سے ملاقات ،حج انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

45

مدینہ منورہ،25اپریل(اے پی پی):وزیر مذہبی امور سنیٹر محمد طلحہٰ محمود نے سیکرٹری امور زیارت مدینہ اور نمائندہ روڈ ٹو مکہ محمد بن عبدالرحمن البیجاوی سے منگل کو یہاں ملاقات کی، جس دوران آئندہ حج انتظامات،  زیارت مدینہ منورہ اور روڈ ٹو مکہ سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سیکرٹری امور زیارت مدینہ محمد بن عبدالرحمن البیجاوی نے وزیر مذہبی امور سنیٹر طلحہ محمود کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور آئندہ حج پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔سنیٹر محمد طلحہٰ محمود نے مکمل گنجائش کے ساتھ عمرہ سیزن کے کامیاب انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ رمضان المبارک میں حرمین شریفین پر تاریخی رش تھا تاہم مثالی انتظامات دیکھنے کو ملے۔

سنیٹر محمد طلحہٰ محمود نے کہا کہ اس سال پاکستانی حجاج کو مسجد نبوی کے قریب ترین رہائشیں فراہم کی جائیں گی اور پاکستانی حجاج کیلئے مدینہ منورہ کی سفری سہولیات اور کھانے کے انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ سرکاری عازمین حج کی نصف تعداد کو حج سے قبل زیارت مدینہ منورہ مکمل کروائی جائے، عازمین حج ریاض الجنہ میں نوافل کی ادائیگی کیلئے سعودی موبائل ایپ نسک کا استعمال سیکھ کر جائیں۔