جدہ ،28 اپریل (اے پی پی ): سعودی عرب میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے کہا ہے کہ قونصل خانہ کی یہ اولین ترجیح ہے کہ جہاں بھی مزدور کو مسائل کا سامنا ہے وہ فوراً حل کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی کاروباری سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری شفقت محمود کی جانب سے شاندار عید ملن پارٹی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سعودی عرب کے مختلف منصوبے جو ایس کوم کے تحت کام کررہے ہیں کے سینکڑوں مزدوروں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا تھا چوہدری شفقت اور ایس کوم کو اتنا شاندار پروگرام کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، اچھی کمپنی وہی ہے جہاں مزدور کے قوانین کا خیال کیا جاتا ہے اور ملازمین کو مختلف بونس دے کر انکی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
قونصل جنرل خالد مجید نے اس خوبصورت تقریب کے انعقاد پر چوہدری شفقت محمود کو مبارکباد پیش کی۔انکا کہنا تھا کے اس طرح کی تقریب کا انعقاد یقیناً ایک خوش آئند عمل ہے۔
تقریب سے خطاب میں قونصل ویلفیئر ثاقب علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی مزدور بہت محنتی ہے اور پاکستانی مزدور ان چیلنجز میں رہتے ہوئے ملک کی خدمت کرتے ہیں۔
ادارے کے ایم ڈی چودری شفقت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی اداروں نے ایک سال پر محیط منصوبوں کو اپنی محنت سے چند ماہ میں مکمل کئے ہیں۔
اس موقع پر ادارے کے ایم ڈی چوہدری شفقت نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کارکنوں اور انجینئر میں نعقد انعامات اور اسناد تقسیم کیں جبکہ گلوکار نعیم سندھی نے اپنے گانوں سے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔