اسلام آباد،21مئی (اے پی پی):پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی اسلام آباد سے بھی پہلی حج پرواز پی کے۔743 اتوار کی شب مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگئی، وفاقی وزیر مذہبی امورسینیٹر طلحہ محمود ، وفاقی وزیر انسداد منشیات شاہ زین بگٹی نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کے ہمراہ اسلام ااباد ایئر پورٹ سے عازمین حج کو رخصت کیا۔
اس موقع پر ہوائی اڈے پر سادہ مگر پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی ایئر پورٹ پر منعقدہ تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ حج پرواز کے سلسلے میں اسلام آباد ائیرپورٹ پر ایک سادہ اور پر وقار تقریب منعقد کی گئی جس سے حکام نے خطاب کیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کی سفری سہولت اور ان کے حجاز مقدس قیام کو آرام دہ بنانے کیلئے حکومت پاکستان نے خصوصی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حجاج ایک مقدس مذہبی فریضے کیلئے روانہ ہو رہے ہیں، ان سے وطن عزیز کیلئے خصوصی دعائوں کی درخواست ہے ۔
طلحہ محمود نے کہا کہ اللہ تعالی ٰسے دعا کریں کہ وہ پاکستان کو امن و سلامتی، خوش حالی سے نوازے اور اندرونی و بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھے۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ پی آئی اے کی آج کے روز تین حج پروازیں، کراچی، فیصل آباد اور اسلام آباد سے روانہ ہوئی ہیں۔
پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 2 جون تک جاری رہے گا۔ قبل از حج آپریشن 340 پروازوں پر مشتمل ہوگا جس کے ذریعے سرکاری و پرائیوٹ سکیم والے65000 حجاج کرام حجاز مقدس لے جائے جائیں گے۔سی ای او پی آئی اے، ایوی ایشن اور وزارت مذہبی امور سے منسلک اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔