ملتان؛ نشتر ٹو ہسپتال کی او پی ڈی یکم جون سے  فنکشنل کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل

52

ملتان،24مئی(اے پی پی ):نشتر ٹو ہسپتال کی او پی ڈی یکم جون سے  فنکشنل کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں اور 99 فیصد ترقیاتی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔کنسلٹنٹ ڈاکٹرز تعینات کر دئے گئے ہیں  اور ڈاکٹرز رومز کے لئے فرنیچر پہنچا دیا گیا ہے۔اسی طرح او پی ڈی کے لئے بجلی کا کنکشن حاصل کرلیا گیا ہے اور  ائرکنڈیشنڈ اور ہیوی جنریٹرز نصب  کردئے گئے ہیں۔مریضوں  کے لئے ادویات کی خریداری بھی مکمل گئی ہے، ٹرائی ایج میں مریضوں کے لئے بیڈز لگا دئے گئے ہیں اور پتھالوجی لیب کے لئے بائیو میڈیکل آلات کے  انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے او پی ڈی کی تکمیل کا جائزہ لینے کے لئے  نشتر ٹو ہسپتال کا دورہ کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ  ثاقب ظفر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے نشتر ٹو ہسپتال کی او پی ڈی کو31 مئی تک مکمل کرنےکا ہدف دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ او پی ڈی کو30 یوم کے اندر فعال کرنا ایک چیلنج تھا اور تمام متعلقہ محکموں اور انتظامیہ نے دن رات کام کرکے اس چیلنج سے عہدہ برآ ہوئے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ یکم جون سے نشتر ٹو ہسپتال کا او پی ڈی مریضوں کے لئے فعال کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا نشتر ٹو ہسپتال کے ساتھ میڈیکل کالج تعمیر کیا جائے گا جس کے لئے ہسپتال کے قریب واقع سرکاری اراضی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے ہدایت کی نشتر ٹو ہسپتال میں گھنی شجرکاری کی جائے اور ہسپتال کے پورے  بیرونی ایریا میں اعلیٰ کوالٹی کی سٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں۔ انہوں نے ہسپتال کی سیکیورٹی کےمنظم  انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 30 جولائی تک 120 بیڈ پر مشتمل ایمرجنسی بلاک بھی  محکمہ صحت کے حوالے کردیا جائے گا جبکہ اس سال کے اختتام تک ہسپتال کے 500 بستروں پر مشتمل تمام شعبے فعال کردئے جائیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 57 ایکڑ رقبہ پر محیط نشتر ٹو منصوبہ پر9450 ملین روپے خرچ کئے جارہے ہیں جس میں 1900 ملین روپے کی بائیو میڈیکل آلات کی خریداری بھی شامل ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کہ ہسپتال کے لئے تمام مشینری امپورٹ کرلی گئی ہے اور گرڈ اسٹیشن کی تنصیب  کے لئے میپکو کو  ادائیگی بھی کردی گئی ہے۔

سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب   ناصر افضل خان، وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر الطاف احمد، ایڈیشنل سیکرٹری سعدیہ مہر،ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر راو امجد اور  آئی ڈیپ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر  عدنان رحمت بھی ان کے ہمراہ تھے۔