وہاڑی ؛یوم تکریم شہداء کے موقع پر گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول میں تقریب کا اہتمام

19

وہاڑی ، 25 مئی (اے پی پی):یوم تکریم شہداء پر ضلع وہاڑی  میں تقریبات کا انعقاد ہوا ۔ مرکزی تقریب گورنمنٹ ماڈل ہائر سکینڈری سکول میں منعقد ہوئی تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وہاڑی محمد طیب خان تھے۔طلبہ و طالبات نے ٹیبلوز خاکوں، ملی نغموں اور تقریروں سے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینیو وہاڑی محمد طیب خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے سرحدی اور داخلی محاذوں پر جان نچھاور کرنے والے قوم کے ہیرو ہیں، دشمن کی ہر جارحیت کا پاک افواج نے ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنی افواج پر فخر ہے ہمیں اپنی نسل نو کی تربیت اس انداز میں کرنا ہے کہ ففتھ جنریشن وار میں ہونے والےپروپیگنڈا کو ناکام بنا سکیں ۔

محمد طیب خان نے کہا کہ نوجوان کسی کے بہکاوے میں آکر اپنا اور اپنے ملک کا نقصان نہ کریں۔ انہوں  نے کہا پاک فوج اور پولیس کے شہدا قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں ،شہدا کے خون سے ہی امن کے دیپ روشن ہیں، ہمارے شہدا کی جرآت و بہادری کے دشمن بھی معترف ہیں ،سب سے بڑا فوجی تمغہ وہاڑی کی سر زمین کا اعزاز ہے ۔