بھکر؛ وردی میں ملبوس ہر جوان وطن عزیز کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتا ہے، ڈپٹی کمشنر

11

بھکر،25 مئی  (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا  ہے کہ  وردی میں ملبوس ہر جوان وطن عزیز کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتا ہے ،مادر وطن کیلئے جان قربان کرنیوالوں تمام شہداء ہمارے سروں کے تاج ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ضلع کونسل ہال میں منعقدہ یوم تکریم شہداء پاکستان کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ آج 25 مئی یوم تجدید عہد ہے کہ ہم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور وقت آنے پر ماں دھرتی کیلئے اپنی جانیں بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے ۔

تقریب میں دیگر مقررین کی جانب سے شہدا پاکستان بالخصوص پاک فوج ،پولیس اور دیگر شہداء کی لازوال قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی جبکہ سکولوں کے ننھے طلباء وطالبات نے خوبصورت انداز میں شہداء پاکستان کیلئے ملی نغمے پیش کئے جنہیں شرکاء کی جانب سے خوب پزیرائی حاصل ہوئی ۔

تقریب کے اختتام پر شہداء کی تکریم کے حوالہ سے ایک خصوصی واک کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے پاک فوج کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

تقریب سے قبل پولیس کے جوانوں نے یادگار شہداء پر سلامی پیش کی۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے پولیس افسران کے ہمراہ کوٹلہ جام قبرستان میں شہداء کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی اور انکی قبور پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی۔