گوجرانوالہ 15 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض احمد موہل نے کہا ہے کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کسی بھی معاشرے کے تعلیمی اورمعاشی استحکام کی ضامن ہوتی ہے طالبات کو فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے ادارہ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں جوکہ محدود وسائل کے ساتھ خواتین کو ہنر مند بنانے کے لیے پر عزم ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ فار گرلز سول لائن گوجرانوالہ میں 3 مختلف تربیتی کورسز کے کیمپ کے آغاز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ جن ممالک نے فنی تعلیم کو اپنی عمومی تعلیم کا حصہ بنا کر اس پر توجہ دی وہاں معاشی ترقی کی رفتار زیادہ ہے اور بلا شبہ پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم سے جڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنر اور تعلیم دونوں انسان کو باشعور اور عقل مند بناتی ہیں اور انسان کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو برو ئے کار لاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب احسان بھٹہ کی ہدایات کی روشنی میں ٹیوٹا کے زیر اہتمام گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ فار گرلز سول لائن میں 3 مختلف شارٹ کورسز جن میں گرافک ڈیزائننگ،فیشن ڈیزائننگ اور ہیوٹیشن شامل ہیں میں 115 سے زائد خواتین نے داخلہ لیا اور 100 فی صد میرٹ پر انرولنمنٹ ہوئی ،ان تینوں شارٹ کورسز کا آج 15 جون سے باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہےجوکہ مفت ہونگے اور معاشی ترقی کی جانب اہم قدم ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے خواتین معاشرے کا نصف ہیں اور انہیں ہنر مند بنانے سے معاشرہ ترقی کر ے گا ۔
ڈائریکٹر کالجز زاہد فاروق ‘ ڈائر یکٹر ٹیوٹا گوجرانوالہ عمران سلیم‘ سی ای او ایجوکیشن اعظم کاشف، پرنسپل ادارہ شازیہ تبسم کے علاوہ استاتذہ اور طالبات نے کثیر تعداد میں تقریب میں شر کت کی۔