میرپورخاص ،15جون ( اے پی پی) : عبدالرٶف غوری میونسپل کارپویشن میرپورخاص کے پہلے مٸیر منتخب ہوگٸے ہیں جبکہ ڈپٹی مٸیر پر جنید بلند منتخب ہوئے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے میونسپل کارپوریشن میرپورخاص کے پہلے مٸیر و ڈپٹی مٸیر ہونے کا تاریخی اعزاز حاصل کیا۔
مٸیر و ڈپٹی مٸیر پر ہونیوالی پولنگ میں 34 رجسٹرڈ ووٹروں میں سے 31 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ پی پی کے یو سی چٸیرمین فاروق ملک حج اداٸیگی پر ہونے کیوجہ سے پولنگ عمل میں شریک نہ ہوسکے جبکہ جی ڈی اے کے حمایت یافتہ آزاد یوسی چٸیرمین عبدالشکور اور پی پی کے مخصوص اقلیتی سیٹ پر نامزد ہونیوالے امیدوار کرن ہری رام بھی پولنگ میں شریک نہ ہوئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے مٸیر عبدالرٶف غوری اور ڈپٹی مٸیر جنید بلند کو 27 ووٹ ملے جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے مٸیر شفیق احمد اور ڈپٹی مٸیر محمد سلیم کو 4 ووٹ ملے۔
ڈپٹی کمشنر دفتر کے دربار ہال میں مٸیر و ڈپٹی مٸیر کے انتخاب پر پولنگ ووٹروں سے ہاتھ اٹھواکر کی گٸی۔ نتائج کا اعلان ریٹرننگ افسر الیکشن کمیشن میونسپل کارپوریشن میرپورخاص پریم چند نے کیا جو میرپورخاص میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II کے منصب پر تعینات ہیں۔