شہروں میں میونسپل سروسز کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے؛صوبائی وزیر سید اظفرعلی ناصر

9

مظفرگڑھ،15 جون(اےپی پی): نگران صوبائی وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور،ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بیرسٹر سید اظفرعلی ناصر نے  ہدایت کی ہے کہ شہروں میں میونسپل سروسز کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے، ہم غیر سیاسی لوگ ہیں ہم صرف گورننس کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی محکموں کے افسران سے ان کے محکموں کی کارکردگی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ انتظامی امور کو بہتر سے بہتر بنایا جائے اور عوامی مسائل کو حل کیا جائے۔

صوبائی وزیر اظفر علی ناصر نے کہا کہ  4ماہ کے اقتدار میں بہت سے اصلاحات کی ہیں اور اداروں میں بہتری لائے ہیں، ان 4ماہ کے دوران محکمہ اوقاف کے آمدن میں 200فی صد اضافہ ہوا ہے جو 75سالہ تاریخ سے سب سے بڑا اضافہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا بنیادی کام الیکشن کرانا ہے، الیکشن کمیشن جب حکم دے گا صوبہ میں الیکشن کرادئیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر اظفر علی ناصر نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں آسان رسائی کھلی کچہری، میونسپل کارپوریشن میں بائیو میٹرک حاضری اور گاڑیوں کی ٹریکنگ نہایت اچھے اقدام ہیں، یہ اقدام قابل تقلید ہیں،پورے صوبہ میں نافذالعمل کرانے کیلئے وزیر اعلیٰ کو تجویز دی جائے گی۔