تھرپارکر، 15 جون (اے پی پی):ڈویژنل کمشنر میرپورخاص شفیق احمد مہیسر کی زیر صدارت دربار ہال مٹھی میں سمندری طوفان بپر جوائے کے پیش نظر ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر میرپورخاص کا کہنا تھا کہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے اور ریسکیو کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ گاڑیوں کی دستیابی یقینی بنائی جائے جبکہ ایمبولینسز کو بھی مکمل طور پر الرٹ حالت میں رکھا جائے۔
انہوں نے متعلقہ تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ ریسکیو کے عمل میں حصہ لینے والی گاڑیوں اور ایمبولینسز کے نمبر ، ان کی لوکیشن اور ڈرائیورز کے نمبر بھی اپنے پاس محفوظ رکھیں تاکہ وقت ضرورت کمیونیکیشن کی جا سکے۔ اجلاس میں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز ، مختیارکارز اور بلدیاتی اداروں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ممکنہ طوفانی بارشوں کی نکاسی کو ممکن بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل کا استعمال کریں اور خاص کر نشیبی علاقوں کا خیال رکھا جائے اور وہاں پانی کی فوری نکاسی کے اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ پمپنگ اسٹیشنز پر دستیاب مشینری کا جائزہ لیں اور مشینری کی فعالیت کو یقینی بنائیں انہوں نے مزید ہدایت دی کہ بارش کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں سے بھی نقصانات کا اندیشہ ہے اس امر کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع کے تعلقہ ہسپتالوں میں ایمبولینس ، ادویات، ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر تمام مطلوبہ طبی سہولیات کو یقینی بنایا جائے جبکہ سول اسپتال مٹھی کے سول سرجن کو ہدایت دی کہ سول اسپتال میں میل و فیمیل ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، ادویات خاص کر جان بچانے والی اور اینٹی بائیوٹک ادویات کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ممکنہ آئی ڈی پیز کو سہولیات فراہم کی جائیں اور آئی ڈی پیز کے تمام کیمپوں میں واش رومز کی سہولت کو یقینی بنائی جائے جبکہ جن کیمپوں میں واش رومز کی کمی ہے انہیں پورا کرنے کے لیے این جی آوز کا تعاون بھی حاصل کیا جائے ۔
ڈویژنل کمشنر نے حیسکو حکام کو ہدایت دی کہ شہریوں کے لیے خطرہ بنے والے درختوں کی فوری طور پر ٹرمنگ کروائی جائے۔ ڈویژنل کمشنر نے قائم کیے گئے ۔
ڈسٹرکٹ کنٹرول روم سے متعلق دریافت کیا اور کہا کنٹرول روم کو 24 گھنٹے ایمرجنسی ختم ہونے تک فعال رکھا جائے۔انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو متنبہ کیا کہ مذکورہ کام میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز نہ برتی جائے ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی ،ایس ایس پی تھرپارکر ذاہدہ پروین، تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، بلدیاتی اداروں ، محکمہ صحت , تعلیم اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے سمندری طوفان کے پیش نظر کئے گئے انتظامات سے سے ڈویژنل کمشنر میرپور خاص کو آگاہ کیا۔