ملتان؛ ڈسٹرکٹ جیل کی شہر سے باہر منتقلی، کمشنر نے اراضی تلاش کرنے کی ہدایت کر دی

26

ملتان،21 جون (اے پی پی ): ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ جیل کی شہر سے منتقلی کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں کمشنر عامر خٹک کی  زیر صدارت میں جیل منتقلی کیلئے مختص کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔کمشنر انجینئر عامر خٹک  نے ضلعی انتظامیہ کو نئی جیل کی تعمیر کیلئے اراضی تلاش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی نے شہر سے باہر جیل منتقلی کا ٹاسک سونپا ہے، نئی جیل کی تعمیر کیلئے  سالانہ ترقیاتی بجٹ میں سکیم رکھوائ جائے گی۔

کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ جیل کی موجودہ جگہ کا پبلک بہتری کیلئے استعمال بارے پلان مرتب کیا جائے،نئی جیل میں اضافی بیرکوں اور رہائشی کالونی سمیت تمام سکیورٹی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے حالیہ دورہ ملتان میں جیل منتقلی کا ٹاسک دیا تھا۔

اجلاس میں پولیس حکام نے بتایا کہ لاڑ میں جیل منتقلی بارے پلان پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔جیل منتقلی کیلئے 70 ایکڑ اراضی درکار ہے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ جیل و پولیس حکام متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔