بھکر؛ علاج کی بہتر سہولیات میسر کرنے کیلئے شعبہ صحت میں انقلابی نوعیت کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،کمشنر

74

 

بھکر،24 جون (اے پی پی ): کمشنر محمد اجمل بھٹی نے  کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے ویژن کیمطابق شعبہ صحت میں انقلابی نوعیت کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ مریضوں کو بہتر علاج کی سہولیات میسر ہوں ۔

یہ بات انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں جدید سہولیات سے آراستہ انڈور فارمیسی کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن اور ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر آصف محمود قاضی سمیت دیگر شعبہ صحت سے وابستہ افراد موجود تھے ۔

کمشنر محمد اجمل بھٹی نے ہسپتال کے تفصیلی معائنہ کے دوران ایمرجنسی ،آئی سی یو،ڈینگی ،امراض قلب اور  چلڈرن واررڈز سمیت دیگر وارڈز میں سروس ڈلیوری کا مفصل جائزہ لیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو احکامات جاری کئے کہ حکومتی ہدایات کیمطابق ہسپتال میں مریضوں کو عمدہ ترین علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں اس ضمن میں دستیاب وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جائے ہسپتال انتظامیہ سروس ڈلیوری کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے۔

کمشنر محمد اجمل بھٹی نے وارڈز میں صفائی ستھرائی،ائرکنڈیشنڈ اور فینز کی فنکشنل حالت میں ہمہ وقت فراہمی کیلئے بطور خاص ہدایات جاری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گرم موسم کی شدت سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

کمشنر نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کو مفت ادویات کی دستیابی یقینی بنانے اور چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے ہسپتال کے ایم ایس اس سلسلہ میں خصوصی طور پر توجہ مرکوز رکھیں ۔