اسلام آباد،27 جون (اے پی پی ): میدان عرفات میں توحید کے پروانوں کا اجتماع ،لاکھوں عازمین نے آج میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم ادا کیا۔
شیخ محمد بن یوسف نے مسجد نمرہ سے خطبہ حج دیا جس کے بعد ظہر اور عصر کی نماز قصر ایک ساتھ ادا کی گئیں جبکہ خطبہء حج میں امت مسلمہ کے اتحاد اور ان کے مسائل کے حل کے لیے دعائیں مانگی گئیں ۔
عازمین کرام نے غروب آفتاب تک وقوف عرفات کے دوران رب کے حضور اپنی مناجات پیش کیں۔غروب آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے،مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشاء کی نماز ایک ساتھ ادا کرینگے۔
حجاج کرام مزدلفہ میں آرام کریں گے اور شیطان کو مارنے کے لیے کنکریاں جمع کریں گے،حجاج کرام وقوف مزدلفہ کے بعد 10 ذی الحج کو رمی جمرات کرینگے۔اسی روز قربانی اور طوافِ زیارت بھی ادا کی جائے گی۔
پاکستانی حج مشن کی جانب سے مشاعر میں رہنمائی کیلئے معاونین حج تعینات کیے گئے ہیں، شدید گرمی کے پیش نظر عازمین حج کو اپنے خیموں میں قیام کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔