ملتان، 03 جولائی(اے پی پی ): سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا ساتواں اجلاس بذریعہ آن لائن ڈائریکٹرسی سی آر آئی ملتان ڈاکٹر زاہد محمود کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے کپاس کاشتکاروں کی رہنمائی وتربیت کیلئے کپاس کی نگہداشت سے متعلق آئندہ پندرہ روزہ سفارشات15جولائی تک کیلئے پیش کی گئیں۔
ڈائریکٹرسی سی آر آئی ملتان ڈاکٹر زاہد محمود کا کہنا تھا کہ کپاس کے کاشتکار پھل کے کیڑے خاص کر چھوٹے ٹینڈوں کے گرنے اور فصل کو متناسب غذائی اجزاءکی فراہمی پر خاص توجہ دیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ15اپریل یا اس سے قبل کاشت شدہ فصل میں ٹینڈے بننے کا عمل جاری ہے ایسی فصل کو پوٹاش کی اشد ضرورت ہوتی ہے،کاشتکار ٹینڈے بننے والی فصل کو کم از کم10کلوگرام پوٹاشیم سلفیٹ بذریعہ آبپاشی دیں، حالیہ گرم موسم میں کھیت میں زیادہ پانی لگانے سے حبس بڑھ جاتی ہے جس سے کپاس کے چھوٹے ٹینڈے گرنے کی شکایات آ رہی ہیں، اس صورت میں کپاس کے کاشتکار کھیت میں پانی لگاتے وقت کھیت کو زیادہ نہ بھریں اور پانی لگانے کا وقفہ کم کردیں۔کاشتکار فصل میں جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے گوڈی کا عمل جاری رکھیں اور پہلے60دنوں تک فصل میں جڑی بوٹیوں کی تلفی پر خاص توجہ دیں۔ جڑی بوٹیوں کے مشینی طریقہ انسداد کیلئے پہلے50دنوں تک روٹری ہو(ہل)کا استعمال نہایت موثر ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کپاس کاشت کھیتوں میں کیڑوں کا حملہ مشاہدے میں آ رہا ہے، کاشتکار اپنی فصل کی پیسٹ اسکاوٹنگ باقاعدگی سے کریں اور احتیاطی تدابیر اور فصل کی بہتری کے حوالے سے تفصیل سے بتایا گیا۔
فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا آئندہ آٹھواں اجلاس 15 جولائی کو ادارہ ہذا میں منعقد ہوگا۔
اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے سربراہان ڈاکٹر محمد نوید افضل، ڈاکٹر فیاض احمد، ڈاکٹر ادریس خان، میڈم صباحت،ساجد محمود اور جنید خان ڈاہا نے شرکت کی۔