اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات اس واقعہ سے مجروح ہوئے ہیں، اس واقعہ کے مرتکب شخص کو سویڈن کی حکومت ایسی سزا دے تاکہ آئندہ کوئی بھی ہماری مقدس کتاب کی بے حرمتی کی جرأت نہ کر سکے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن واقعہ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد نے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، پورے عالم اسلام میں اس حوالے سے شدید غم و غصہ ہے، پوری قوم اس معاملے پر متحد ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سویڈن کی حکومت اس شخص کے خلاف کارروائی کرے کیونکہ ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے مرتکب شخص کو ایسی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی ہماری مقدس کتاب کی بے حرمتی کی حرکت نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن کی حکومت ساری امت مسلمہ کی دل آزاری پر معافی مانگے، جمعہ کو اس حوالے سے احتجاج میں پوری قوم شامل ہو گی، پارلیمنٹ سے منظور ہونے والی اس قرارداد کو سویڈن کے ساتھ ساتھ دنیا کے ہر فورم تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دیگر مذاہب کے لوگوں کا بے حد احترام کیا جاتا ہے، یہاں ایسا واقعہ ہو جائے تو فوری ایکشن لیا جاتا ہے، سویڈن کی حکومت بھی فوری ایکشن لے۔