بدین ؛سویڈن میں قرآن کریم کی توہین ، جماعت اسلامی کے تحت ضلع کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے

21

بدین،07 جولائی (اے پی پی):سویڈن میں قرآن پاک کی توہین کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت ضلع بدین کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔

بدین میں جامع مسجد اقصیٰ کھوسکی روڈ سے بدین پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکال کر بدین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں سیاسی سماجی ،کاروباری ،مذہبی شخصیات وشہریوں نے شرکت کی۔

 جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ گیلانی نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دشمنی کے واقعات شرمناک اور عالمی امن کو تباہ کرنے کی سازش ہیں عالمی برادری ایسی گھناونی سازشوں کے خلاف موثر اقدامات اٹھائے، سویڈن میں عید کے روز قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ انتہائی دلخراش اور قابل مذمت ہے جس پر تمام مسلمانوں کے دل خون کے آنسو رورہے ہیں، سویڈن حکومت اس سلسلے میں فوری اقدامات اٹھائے ،ہم پاکستان کے حکمرانوں سے بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عالمی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کریں سویڈن حکومت سے اس سنگین و دلخراش صورتحال پر بات کریں،امن کے دشمن اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے گستاخانہ کارروائیاں کرکے دنیا کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں اور اگر عالمی برادری نے آنکھیں نہ کھولیں تو قرآن پاک کی بے حرمتی جیسی گستاخانہ کاروائیاں دنیا کا امن تباہ کرسکتی ہیں، اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور اسلامی تعلیمات نہ صرف تمام مذاہب کے احترام کا سبق دیتی ہیں بلکہ تمام مذاہب کے حقوق کا تحفظ کو بھی اہمیت دیتی ہیں ،سویڈن میں جو کچھ بھی ہوا یہ قابل مذمت عمل ہے ، اسلام دشمنی کے شرمناک واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

 احتجاجی مظاہرے سے اللہ بچایو ہالیپوٹہ ،سید داود شاہ، علی گل منصوری ،فتح خان کھوسہ ودیگر نے خطاب کیا۔