بورے والا؛ڈپٹی کمشنر کا  ہیڈ اسلام کا دورہ، سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا

22

بورے والا، 13 جولائی (اے پی پی) : ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے جمعرات کو یہاں  ہیڈ اسلام کا دورہ کیا اور سیلاب کی صورتحال متعلق فلڈ ریلیف کیمپ بریچنگ پوائنٹ کا جائزہ لیا ۔

 انہوں نے بتایا کہ  دریائے ستلج ضلع وہاڑی میں معمول کے مطابق بہہ رہا ہے، اس وقت ہیڈ اسلام پر پانی کا بہاؤ 9ہزار کیوسک ہے، ضلع کے دونوں ہیڈ ورکس، ہیڈ اسلام اور میلسی سائیفن کی مسلسل نگرانی جاری ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی فلڈ کنٹرول روم سے بھی رابطہ ہے، ہیڈ اسلام پر اونچے درجے کے سیلاب کی صورت میں چار لاکھ کیوسک پانی گزرنے کی گنجائش ہے،میلسی سائیفن پر تین لاکھ کیوسک پانی گزرنے کی گنجائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع میں سیلاب کی صورت میں  13  فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیئے ہیں ، سیلاب کی صورت میں لوگوں کے انخلاء کا پورا میکنزم تیار ہے، سیلاب سے متاثر ہونے کی صورت میں انسانوں اور جانوروں کے لیے خوراک اور چارے کا انتظام علاج معالجہ کے لیے محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کے کیمپ دن رات کام کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس حفاظتی فرائض انجام دے گی، ڈپٹی کمشنر دفتر میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، کسی ہنگامی  صورتحال میں  کنٹرول روم میں 1718 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کررہا ہے۔