بدھ مت پیشواؤں کے 31 رکنی اعلیٰ سطحی وفدکا ثقافتی ورثے کے مقام تخت بھائی اور پشاور میوزیم کا دورہ

29

پشاور،13 جولائی(اے پی پی):بدھ مت پیشواؤں کے 31 رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے جمعرات کو ضلع مردان میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کے مقام تخت بھائی کا دورہ کیا اور یہاں کی قدیم بدھوں کی خانقاہ، نوادرات اور گندھارا آرٹ میں گہری دلچسپی لی وفد میں جنوبی کوریا، جاپان، تھائی لینڈ، سری لنکا، میانمار، کمبوڈیا اور نیپال کے ارکان شامل تھےڈائریکٹر آرکیالوجی اینڈ میوزیم کے پی عبدالصمد خان نے وفد کو تخت بھائی اور قریبی سیری بہلول کے عالمی ورثے کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا جو کہ دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں۔

وفد نے تخت بھائی میں قدیم بھڈسٹ خانقاہ کا بھی دورہ کیا جہاں وہ اس کی تاریخی اہمیت اور تحفظ کے کام سے بے حد متاثر ہوئے سیاحوں نے تخت بھائی کے کھنڈرات کے خانقاہی احاطے میں گہری دلچسپی لی جو کہ 36.6 میٹر سے 152.4 میٹر کی اونچائی تک مختلف پہاڑی چوٹیوں پر واقع ہے جس کا احاطہ تقریباً 33 ہیکٹر پر مشتمل ہے۔وفد کو بتایا گیا کہ تخت بھائی خانقاہ 7ویں صدی (عیسوی) تک مسلسل استعمال میں تھی جو گندھارا کے نمونوں پر ڈائیپر اسٹائل میں پتھر سے تعمیر کی گئی اسی طرح عمارتوں پر مشتمل تھی تخت بھائی کی کھنڈرات سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع سیری بہلول ایک چھوٹا قدیم قلعہ بند قصبہ ہے۔یہ 9.7 ہیکٹر پر نو میٹر اونچائی کے ایک لمبے ٹیلے پر تعمیر کیا گیا تھا جس کے چاروں طرف ایک دفاعی دیوار کے کچھ حصے ڈائیپر طرز کی خصوصیات ہیں سیری بہلول کی سرحدوں کی اچھی طرح وضاحت کی گئی ہے اور قلعہ بندی کی دیواروں کا ایک حصہ ابھی تک برقرار ہے۔ ان دونوں تاریخی مقامات کو نوآبادیاتی دور کے قدیم تحفظ ایکٹ (1904) اور حکومت پاکستان کے قدیم ایکٹ (1975) کے تحت محفوظ یادگار قرار دیا گیا تھا۔کے پی حکومت نے سحر بہلول میں اربنائزیشن کو کنٹرول کرنے کے لیے 445 ہیکٹر کے پورے پہاڑی رقبے کو “آثار قدیمہ ریزرو” قرار دیا ہے۔

بعد ازاں وفد نے پشاور میوزیم کا دورہ کیا جو دنیا کا واحد گندھارا آرٹ میوزیم ہے اور اس کے مختلف حصوں اور گیلریوں کا دورہ کیا۔ڈائریکٹر آرکیالوجی کے پی، عبدالصمد نے بتایا کہ پشاور میوزیم واحد گندھارا آرٹ میوزیم ہے جہاں 40,000 سے زائد نادر نوادرات اور بدھا کی مکمل زندگی کی کہانیاں محفوظ ہیں انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کا واحد میوزیم ہے جہاں بدھ مت کے بانی بھگوان بدھا کی مکمل زندگی کی کہانی کو پینلز اور مجسموں کی شکل میں محفوظ کیا گیا ہے مکمل تزئین و آرائش اور تحفظ کے کام میں ملکہ وکٹوریہ کی یاد میں 1906 میں تعمیر کیا گیا ایک قدیم مرکزی ہال بھی شامل ہے جہاں بھگوان بدھا کی مکمل زندگی کی کہانی، بھگوان بدھاکے مجسموں کے ساتھ بدھا گیلری اور بھگوان بدھاکی شہزادی زندگی والی بدھ سواتا گیلری دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہی تھی۔ سیاحوں نے پشاور میوزیم میں موجود نادر نوادرات، سکے، تلواریں، بندوقیں اور دیگر نوادرات میں بھی دلچسپی لی۔

وزیر مملکت اور گندھارا پر وزیر اعظم ٹاسک فورس کے چیئرمین رمیش کمار وانکوانی نے صحافیوں کو بتایا کہ پاکستان تخت بھائی اور پشاور میوزیم سمیت بہت سے مذہبی سیاحتی مقامات کا گھر ہے، جو ملک بھر سے لاکھوں سیاحوں کو راغب کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے دورے مختلف مذاہب کے لوگوں کو قریب لاتے ہیں اور دوستی کے بندھن کو مضبوط کرتے ہیں۔

رمیش نے کہا کہ پاکستان اور ان ممالک کے سیاحتی کمپنیوں کے درمیان رابطوں میں اضافے سے مذہبی اور گندھارا کی سیاحت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ گندھارا کے تقریباً8 فیصد سائٹس کے پی میں موجود ہیں اور دنیا میں اس کی مناسب نمائش سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری آسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سیاحوں کے لیے ویزا میں نرمی کی جا رہی ہے تاکہ سیاحت کو فروغ دیا جا سکے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور معیشت کو مضبوط کیا جا سکے۔راہبوں نے خیبرپختونخوا میں گندھارا اور دیگر قدیم مقامات کے تحفظ پر حکومت کی تعریف کی اور کہا کہ سیاحت کو مذہبی نقطہ نظر سے ہٹ کر دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے حکومت کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کا سیاح دوست صوبہ ہونے کے ناطے خیبرپختونخوا میں دوبارہ آنے کا اعادہ کیا۔