اسلام آباد، 13 جولائی (اے پی پی ): تین روزہ عالمی گندھارا سمپوزیم ،دنیا بھر سے بدھ بھکشوؤں کو پاکستان لانے کا ذریعہ بن گیا، سمپوزیم کے انعقاد نے پاکستان میں مذہبی سیاحت کو اجاگر کیا۔سمپوزیم میں ملائیشیا، تھائی لینڈ، میانمار، نیپال، سری لنکا، ویت نام اور دیگر ممالک سے بدھ بھکشوؤں اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔
”ثقافتی سفارتکاری۔ پاکستان میں گندھارا تہذیب اور بدھ مت ورثہ کے احیاء“ کے موضوع پر عالمی گندھارا کانفرنس 11 سے 13 جولائی کو اسلام آباد میں منعقد ہوئی،گندھارا کانفرنس کے انعقاد کا مقصد ثقافتی سفارتکاری اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا تھا۔عالمی کانفرنس پاکستان کو بدھ اکثریتی ممالک کے مزید قریب لانے کی ایک کڑی تھی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا ٹورازم کے چیئرمین وزیر مملکت ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی اور وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سینیٹر طلحہ محمود نے کانفرنس سے خطاب کیا۔
سمپوزیم کے دوران بدھ بھکشوؤں نے ٹیکسلا، مردان، تخت بائی اور پشاور میوزیم کا بھی دورہ کیا۔ بدھ پیشواؤں نے دھرماراجیکاا سٹوپہ سمیت اپنے مقدس مقامات پر مذہبی رسومات ادا کیں۔
پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں رنگارنگ گندھارا ثقافی شوکا بھی انعقاد کیا گیا۔بدھ مت کے ماننے والوں کے لیے پرفارمنگ آرٹ کے ذریعے گندھارا کے مختلف ادوار کی عکاسی کی گئی۔منترا اور بلتی رقص، وائلن پرفارمنس،ٹیکسلا اوڈیسی، بدھ مت کی موسیقی اور کلاسیکل موسیقی پرفارمنس نے مہمانوں سے خوب داد وصول کی۔بدھ بھکشوؤں نے اسٹیج پر مراقبہ کیا، پراتنا کی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔











