انس علی شاہ نے جہانگیرخان پی ایس اے سیٹلائٹ سیریز سکوائش کاٹائٹل اپنے نام کرلیا

22

کراچی،15 جولائی (اے پی پی):پاکستان آرمی کے انس علی شاہ نے پاکستان ایئرفورس کے عبداللہ نواز کو  دلچسپ اور سنسی خیز مقابلے کے بعد 2 کے مقابلے میں 3سیٹ سے شکست دیکر جہانگیرخان پی ایس اے سیٹلائٹ سیریزسکوائش  کاٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

 پاکستان نیوی روشن خان جہانگیرخان اسکوائش کمپلیکس میں کھیلے گئے مینز سینئر کے فائنل کے پہلے سیٹ میں عبداللہ نواز نے انس علی شاہ کیخلاف 11-6سے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے سیٹ میں انس نے 12-10اور تیسرے سیٹ میں 11-6فتح حاصل کی۔ فائنل کے چوتھے سیٹ میں عبداللہ نواز نے کم بیک کرتے ہوئے اپنے حریف کو 11-8سے شکست دی۔ پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں انس شاہ نے عبداللہ کیخلاف 11-7سے کامیابی حاصل کرکے فتح کاتاج اپنے سرسجا لیا۔

ایونٹ میں کھیلے گئے انڈر 13بوائزکے فائنل میں سید یوزا نے سیف سعد کو 1 کے مقابلے میں 3سیٹ 11-6، 11-3، 2-11 اور 11-5 سے شکست دیکر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انڈر 19 گرلز کے فائنل میں سمیراشاہد نے سوہا علی کوصفر کے مقابلے میں 3سیٹ 11-9، 11-3 اور 11-8 سے ہرا کرٹائٹل اپنے نام کیا۔

واضح رہے کہ ایونٹ کو اسکواش لیجنڈ جہانگیرخان کے پہلے کوچ استادعمردراز مرحوم کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منسوب کیا گیا۔ تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی پاکستان نیوی روشن خان جہانگیرخان اسکواش کمپلیکس کے مینیجر اوآئی سی محمد عمر نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے میڈیاایڈوائیزر آصف عظیم اور ٹورنامنٹ ریفری نویدعالم کے ہمراہ کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیز، میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔